وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے26 ویں یوم شہادت پر قوم کے عظیم بہادر بیٹے کو سلام پیش کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کارگل کے سنگلاخ پہاڑ آج بھی کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی جرات و بہادری کے گواہ ہیں، کیپٹن کرنل شیر خان پاکستان کا وہ شیر تھا جس نے معرکہ کارگل میں دشمن پر لرزا طاری کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آہنی دیوار بن کر دشمن کا بھرپور مقابلہ کرنے والا قوم کا دلیر سپاہی آج بھی دلوں میں زندہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے وطن عزیز پر جان نچھاور کرکے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیئے، کیپٹن کرنل شیر خان کا جذبہ شہادت بہادری اور شجاعت کی نئی تاریخ رقم کر گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہداء کی وارث قوم کا ہر بیٹا کیپٹن کرنل شیر خان شہید جیسے جذبے سے سرشار ہے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان دشمن کی صفوں میں خوف اور اپنی صفوں میں ولولہ بن کر آج بھی زندہ ہے، کیپٹن کرنل شیر خان شہید جیسے بہادر جوانوں کے ہوتے ہوئے دشمن وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جرأت و بہادری کے عظیم سپوت کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔