لاہور: شاہدرہ میں کمسن کار ڈرائیور نے موٹر سائیکلوں کو ٹکر ماردی۔
پولیس کے مطابق مین روڈ شاہدرہ ٹاؤن نزد سنگیت سنیما کے قریب حاشر نامی 13 سے 14 سالہ بچہ کار چلا رہا تھا، اس نے پہلے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے بعد کار بےقابو ہو کر موٹر سائیکل کی دکان پر کھڑی موٹر سائیکلوں سے جا ٹکرائی۔
پولیس کا بتانا ہےکہ حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ کار ڈرائیور حاشر کو لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دے دیا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ بغیر لائسنس، کم عمر ڈرائیوروں کو سڑکوں پر نا آنے دیں، سیف سیٹیز کیمروں کی مدد سے کم عمر ڈرائیوروں کی نشاندہی کی جائے۔
آئی جی پنجاب نے حکم دیا کہ کم عمر ڈرائیوروں کے والدین کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔