پشاور: صدر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) ایمل ولی خان کا سابق پارٹی رہنما ثمر بلور کی مسلم لیگ ن میں شمولیت پر ردعمل سامنے آگیا۔
ایمل ولی کا کہنا ہےکہ ثمر بلور کا فیصلہ حیران کن نہیں، متعدد ساتھیوں نے پہلے ہی اس امکان سے آگاہ کر دیا تھا، ثمر بلور کو اسمبلی کی نشست شہید بشیر بلور اور شہید ہارون بلور کے لہو کی بدولت ملی تھی۔
ایمل ولی کا کہنا تھا کہ حاجی غلام احمد بلور آج بھی پارٹی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، غلام بلورکی 60 سال سے زائد سیاسی زندگی میں قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، غلام بلور کی شخصیت اس عمر میں مزید آزمائشوں کی ہرگز حقدار نہیں۔
خیال رہے کہ ثمربلور نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ثمربلور نے ملاقات کی ، اس دوران وفاقی وزیرامیر مقام بھی موجود تھے، وزیراعظم سے ملاقات کے دوران ثمر بلور نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ثمر بلورکی ن لیگ میں شمولیت سے صوبے میں پارٹی مضبوط ہوگی۔
ثمر بلور کا سیاسی پس منظر
ثمربلور اے این پی کے شہید رہنما ہارون بشیر بلور کی بیوہ ہیں، وہ 2018 میں ضمنی انتخاب جیت کر پہلی بار صوبائی اسمبلی کی رکن بنیں۔
ثمر بلور 24 اکتوبر 2018 سے 18 جنوری 2023 تک (تقریباً 4 سال اور 3 مہینے) اسمبلی کی فعال رکن رہیں، جون 2020 میں انہیں خیبر پختونخوا اے این پی کی صوبائی سیکرٹری انفارمیشن مقررکیا گیا ۔