پشاور: ترجمان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا فراز مغل کا کہنا ہے کہ سینیٹ ٹکٹ کے حوالے سے علی امین گنڈا پور نے کسی فیصلے کی مخالفت نہیں کی۔
گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سینیٹ الیکشن کے لیے ناموں کی منظوری دیدی ہے۔ عمران خان کی جانب سے مشال یوسفزئی سمیت مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور نور الحق قادری کے ناموں کی منظوری دی گئی۔
تاہم بعد ازاں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ عمران خان نے بہن علیمہ خان اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی مخالفت کے باوجود مشال یوسفزئی کو سینیٹ امیدوار نامزد کرنے کی منظوری دی۔
پی ٹی آئی کے کئی رہنما اور ارکان اسمبلی بھی مشال کو سینیٹ ٹکٹ دینے کے حق میں نہیں تھے، علی امین گنڈاپور نے دو مرتبہ مشال یوسفزئی کو کابینہ سے بھی نکالا۔
تاہم ترجمان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا فراز مغل کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے کسی فیصلے کی مخالفت نہیں کی، تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی کی منظوری سے ہوتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ترجمان فراز مغل کا کہنا ہے علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سےکوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
فراز مغل کا کہنا ہے کہ سینیٹ ٹکٹ کا فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی کا اختیار ہے وہ نامزدگیاں کریں گے، علیمہ خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے درمیان اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔