وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان ایئر فورس کو رائل انٹرنیشنل شو میں دو ٹرافیاں جیتنے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں کو عالمی اعزازات پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔رائل انٹرنیشنل ایئر شو 2025 میں پاکستان فضائیہ نے JF-17 Thunder اور C-130 Hercules کی بدولت “Spirit of the Meet” اور “Concours d’Élégance” ٹرافیاں جیت کر تاریخ رقم کی۔یہ عالمی اعزازات پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت، جدید فضائی تیاری اور عالمی معیار کی تربیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی ولولہ انگیز قیادت میں پاک فضائیہ نے ایک بار پھر دنیا کو دکھا دیا کہ پاکستان کی فضاؤں کے محافظ ہر میدان میں تیار ہیں۔پاک فضائیہ کی ٹیم نے دنیا کے سب سے بڑے ایئر شو میں ایسا عملی مظاہرہ کیا جس نے دنیا کی بڑی فضائی قوتوں کو بھی داد دینے پر مجبور کر دیا۔حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں دشمن کے فضائی عزائم خاک میں ملانے والی پی اے ایف نے عالمی سطح پر بھی اپنی سبقت کا لوہا منوایا۔یہ جیت ایک مضبوط اور خوددار پاکستان کا عالمی اعزاز ہے، جہاں جذبہ، علم اور ٹیکنالوجی قومی دفاع کے ستون ہیں۔پی اے ایف صرف ایک فضائیہ نہیں بلکہ قومی جذبے کا پرچم بردار ادارہ ہے۔پی اے ایف کے شاہینوں نے آسمان پر صرف طیارے نہیں، قوم کا وقار اور اعتماد بھی بلند کیا۔یہ کامیابی نہ صرف ایک فضائی مظاہرہ ہے بلکہ ایک پیغام ہے کہ پاکستان تیار ہے، ہر چیلنج کے لیے، ہر افق کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شاہینوں، انجینیئروں اور قائدین کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی قیادت میں پاکستان کا نام فضاؤں سے اوپر بلند کر کیا۔