وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کابل میں اپنے افغان ہم منصب سراج الدین حقانی سے اہم ملاقات کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا افغان وزارت داخلہ آمد پر افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے خیر مقدم کیا۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات خصوصا انسداد دہشت گردی و سرحد پار دراندازی و کالعدم تحریک طالبان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک افغان سرحد کی موثر مینجمنٹ، منشیات کی روک تھام اور سرحد پار نقل و حرکت کو منظم کرنے کے طریقہ کار پر بھی بات چیت کی گئی۔ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے وطن واپسی کے عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان پرامن بقائے باہمی، استحکام اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا جبکہ پاک افغان بارڈر مینجمنٹ اور دہشت گردی کے فتنہ کے خاتمہ کیلئے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں فساد اور عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں۔اس فتنے کو ملکر روکنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ اور دیرپا تعلقات کا خواہاں ہے،پاکستان نے کئی دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کی بے لوث مہمانوازی کی، افغان شہریوں کی قانونی طور پر آمد کے دروازے کھلے ہیں۔ افغانستان کے سینئر نائب وزیر داخلہ ابراہیم سردار پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا۔ اعلی سفارتی حکام اور افغان وزارت داخلہ کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی افغانستان کے ایک روزہ سرکاری دورے پر کابل پہنچے تو کابل انٹرنیشنل ائرپورٹ پر افغانستان کے نائب وزیر داخلہ محمد نبی عمری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا، افغانستان کی وزارت داخلہ کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔