ممبئی ہائیکورٹ نے 2006 میں ہونے والے ٹرین بم دھماکوں کا فیصلہ سناتے ہوئے سزا پانے والے 12 ملزمان کو بری کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی ہائیکورٹ نے 2006 کے ٹرین بم دھماکے کے 12 ملزمان کو بری کردیا جن میں سے 11 ملزمان کو جیل سے رہا کر دیا جائے گا تاہم ایک ملزم اپیل کے دوران وفات پا گیا تھا۔
جولائی 2006 میں ممبئی میں ہونے والے ٹرین دھماکوں میں 189 افراد ہلاک اور 827 زخمی ہوئے تھے جب کہ ٹرائل کورٹ نے 2015 میں 12 ملزمان کو سزا سنائی تھی۔
ٹرائل کورٹ نے 5 ملزمان کو سزائے موت جب کہ بقیہ کو دیگر سزائیں سنائی تھیں جس کے خلاف ملزمان نے ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کی تھیں۔
بھارتی میڈیا کےمطابق فیصل شیخ، آصف خان،کمال انصاری، احتشام صدیقی اور نوید خان کو سزائے موت سنائی گئی تھی جبکہ ساجدانصاری، محمد علی، ڈاکٹرتنویر، ماجد، مزمل، سہیل اور ضمیرشیخ کو عمرقید سنائی گئی تھی۔
ممبئی ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ پراسیکیوشن ملزمان کے خلاف مقدمہ ثابت کرنے میں ناکام رہا، عدم شواہد کی بنا کر تمام ملزمان کو بری کیا جاتا ہے، یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ ملزمان نے جرم کیا، اس لیےسزاؤں کو منسوخ کیا جاتا ہے۔