پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان سافٹ ویئر ٹیسٹنگ بورڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے پا گئی جس کے تحت پاکستان بھر میں گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیشنز کو فروغ دیا جائے گا۔
ایم او یو پر پی آئی ٹی بی ڈائریکٹر احمد اسلام اور صدر پاکستان سافٹ ویئر ٹیسٹنگ بورڈ ڈاکٹر محمد ذوہیب اقبال نے دستخط کیے۔ معاہدے کی رو سے انٹرنیشنل سافٹ ویئر ٹیسٹنگ کوالیفکیشنز بورڈ کے امتحانات دینے والے امیدواروں کے سرٹیفکیشن کی مکمل فیس واپس کی جائے گی۔ اس اقدام سے باصلاحیت نوجوان بغیر کسی مالی بوجھ کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیشنز حاصل کر سکیں گے۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ یہ اقدام پی آئی ٹی بی کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ ہم پاکستان کے آئی ٹی شعبے کو بہتر بنائیں اور یہاں کے باصلاحیت لوگوں کو دنیا بھر میں پہچان دلائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے پاکستان سافٹ ویئر ٹیسٹنگ بورڈ جیسے اداروں کے ساتھ تعاون ہماری آئی ٹی کمیونٹی کیلئے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
یہ تعاون مستقبل میں دیگر بین الاقوامی آئی ٹی سرٹیفکیشنز کیلئے بھی راستے ہموار کرے گا جس سے مقامی آئی ٹی ماہرین کیلئے کیریئر کے مواقع بڑھیں گے۔