مانچسٹر: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل نے پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف کا 19 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شاندار سنچری اسکور کی۔ یہ 5 میچز کی اس ٹیسٹ سیریز میں ان کی چوتھی سنچری تھی۔
اس اننگز کے دوران بھارت کے ٹیسٹ کپتان شبمن گل نے کھیل کے چوتھے دن انگلینڈ کی سر زمین پر ایک ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ایشین بیٹر کا نیا ریکارڈ بنایا۔
گل نے سنچری کی بدولت انگلینڈ کے خلاف سیریز کے 4 میچز میں اب تک 722 رنز اسکور کیے ہیں جو کہ انگلینڈ کی سر زمین پر ایک ہی ٹیسٹ سیریز میں کسی بھی ایشین بیٹر کے سب سے زیادہ رنز ہیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ پاکستان کے محمد یوسف کے پاس تھا جنہوں نے 2006 میں انگلینڈ کے خلاف اس کی سرزمین پر 4 میچز میں 631 رنز بنائے تھے۔
واضح رہے کہ اتوار کو انگلینڈ اور بھارت کے درمیان مانچسٹر میں کھیلے جانے والا سیریز کا چوتھا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔
میزبان انگلش ٹیم کو بھارت کے خلاف 5 میچز کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔