کراچی: چائنہ پورٹ سے ملنے والی گوجرانوالہ کے رہائشی خاتون اور مرد کی تشدد زدہ لاشوں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
گوجرانوالہ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہے ہیں، مقتولہ لڑکی کا بھائی حراست میں ہے تاہم اس نے کراچی کا سفر نہیں کیا۔
پولیس کے مطابق مقتول ساجد کے اہل خانہ کا اب تک پتا نہیں چل سکا ہے، مقتول کے اہل خانہ نے اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا، اس سلسلے میں کراچی پولیس کے ساتھ مل کر کیس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
دوسری جانب خاتون اور مرد کی لاشوں کی میڈیکو لیگل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز 2 بج کر 30 منٹ پر لاشیں جناح اسپتال لائی گئیں، مرد اور خاتون کی عمریں 30 سے 35 ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں کو سر پرقریب سے گولی ماری گئی، سر پر زخم موت کی وجہ بنا جب کہ کیمیائی تجزیے کے لیے مقتولین کے جسم سے نمونے لیے گئے ہیں۔
واضح رہے گزشتہ روز کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب سے مرد اور خاتون کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی تھیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔