Table of Contents
گھر پر کمپیوٹر پر کام کررہے ہیں، ٹی وی پر آن لائن فلمیں یا ڈرامے دیکھ رہے ہیں یا کچھ اسٹریم کررہے ہیں، مگر انٹرنیٹ کام نہیں کر رہا تو بہت زیادہ جھنجھلاہٹ ہوتی ہے۔
ہر کام کے لیے انٹرنیٹ کی اچھی اسپیڈ کی ضرورت ہوتی ہے اور موجودہ عہد میں اب زیادہ تر انٹرنیٹ تک رسائی کے لیے وائی فائی نیٹ ورکس پر انحصار کیا جاتا ہے۔
مگر اکثر وائی فائی انٹرنیٹ کی رفتار اتنی کم ہوتی ہے کہ ٹھنڈے مزاج کا فرد بھی چڑچڑا ہوجاتا ہے۔
یہ کہنے کی ضرورت نہیں آج کل انٹرنیٹ زندگی کی ضرورت بن چکا ہے تو وائی فائی کی رفتار کم محسوس ہوتی ہے تو ایک خفیہ ٹِرک سے آپ اسے تیز کرسکتے ہیں۔
بس اکثر راؤٹر کو ری بوٹ یا ری اسٹارٹ کرنا عادت بنالیں۔
راؤٹر کا کام کیا ہے؟
ایک راؤٹر وائرڈ موڈیم سے کنکٹ ہوتا ہے اور انٹرنیٹ کنکشن کو وائی فائی سگنل میں تبدیل کر دیتا ہے۔
جس کے بعد وائی فائی سے لیس ڈیوائسز کو انٹرنیٹ سے بغیر کسی وائر یا تار کے راؤٹر کے ذریعے کنکٹ کرنا ممکن ہو جاتا ہے۔
آسان الفاظ میں راؤٹر بذات خود انٹرنیٹ کنکشن فراہم نہیں کرسکتا بلکہ اسے ایک موڈیم کی ضرورت ہوتی ہے۔
تو راؤٹر موڈیم کے انٹرنیٹ کنکشن کو وائرلیس سگنل میں تبدیل کرکے وائی فائی تک رسائی فراہم کرتا ہے۔
اس میں ایک فائر وال بھی موجود ہوتی ہے جو وائرڈ اور وائرلیس ڈیوائسز کو ہیکرز سے محفوظ رکھنے کا کام کرتی ہے۔
تو اسے ری بوٹ کیوں کرنا چاہیے؟
وائی فائی مسائل کا سامنا کسی بھی وقت ہوسکتا ہے مگر اکثر ایسا صرف سگنل کے مسائل کی وجہ سے نہیں ہوتا بلکہ ڈس کنکٹ، انٹرنیٹ اچانک سست ہو جانا اور فیل ڈاؤن لوڈ سمیت دیگر مسائل کا سامنا صارفین کو ہوتا ہے۔
ان میں سے اکثر مسائل کا حل راؤٹر کو ری بوٹ کرنا ہے۔
ری بوٹ کرنے سے وائی فائی اسپیڈ پہلے جیسی ہو جاتی ہے۔
عام طور پر کسی بگ (bug) یا راؤٹر کے سافٹ وئیر مسائل کے ویڈیو بفرنگ یا انٹرنیٹ کی سست روی کا سامنا ہوتا ہے۔
اس وقت راؤٹر کو ری بوٹ کرنے سے وائی فائی کی اسپیڈ ایک بار پھر پہلے جیسی تیز ہو جاتی ہے۔
اس ٹِرک سے کنکشن مسائل پر قابو پانے میں بھی مدد ملتی ہے۔
یعنی اگر انٹرنیٹ کی اسپیڈ مناسب ہے مگر دیگر مسائل کا سامنا ہو رہا ہے جیسے لمیٹڈ رینج یا گھر کے کچھ حصوں میں ڈیوائسز وائی فائی سے کنکٹ نہیں ہو رہیں تو راؤٹر کو ری بوٹ کر دیں۔
تو کتنی بار راؤٹر کو ری بوٹ کرنا چاہیے؟
بیشتر گھروں اور چھوٹے دفاتر میں راؤٹر کو مہینے میں ایک بار ری بوٹ کرنا کافی ہوتا ہے، جس سے وائی فائی نیٹ ورک بہترین کام کرتا ہے۔
تو راؤٹر کو ری بوٹ کیسے کریں؟
ویسے یہ جان لیں کہ ری بوٹ کا مطلب ری سیٹ کرنا نہیں، بیشتر راؤٹرز میں بیک پر ری سیٹ بٹن موجود ہوتا ہے۔
اس سے بھی راؤٹر ری بوٹ ہو جاتے ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ فیکٹری سیٹنگز بھی ری اسٹور ہو جاتی ہیں۔
تو مکمل ری سیٹ کی بجائے آپ راؤٹر کے پاور سوئچ کو ہی آف کرکے 30 سیکنڈز سے ایک منٹ بعد آن کرلیں، اس سے راؤٹر ری بوٹ ہو جاتا ہے۔
ایسے ری بوٹ کرنے کے بعد راؤٹر کچھ منٹ کے اندر ڈیوائسز کو وائی فائی نیٹ ورک سے ری کنکٹ کرے گا۔
راؤٹر کو سافٹ وئیر انٹرنیٹ فیس جیسے کسی موبائل ایپ یا ویب پر مبنی کنٹرول پینل سے بھی ری بوٹ کیا جاسکتا ہے، مگر ایسا کرنا اکثر افراد کے لیے مشکل ہوتا ہے۔