اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل حل کرنےکی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف نےگوادر میں پانی کی قلت پراجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گوادر کے آبی مسائل ، چیلنجز اور جاری اقدامات پر بریفنگ میں بتایا کہ برقی عدم استحکام اور ایران سے بجلی بندش کے باعث ڈی سیلینیشن پلانٹ کی فعالیت میں مشکلات ہیں ، خضدار سے گوادر قومی گرڈ لائن کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث وولٹیج مستحکم نہیں رہتا، گرڈ لائن کا ازسرِنو جائزہ لے کر ضروری اصلاحات کی جائیں ۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی وزیر پاور ڈویژن، منصوبہ بندی کمیشن اور متعلقہ سیکرٹریز 15 اگست کو گوادر پہنچیں، وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشاورت سے گوادر کے شہریوں کو بلاتعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ گوادر کے پانی کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے جامع منصوبہ بندی کر رہے ہیں، خضدار تا گوادر نیشنل گریڈ لائن کا ازسرِنو جائزہ لےکر ضروری اصلاحات کی جائیں۔