وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو نے ملاقات کی۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دی۔ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات۔ انسداد دہشتگردی، بارڈر سیکورٹی، انسداد منشیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں معلومات کے تبادلوں کو موثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت آنے کے بعد پاک امریکہ تعلقات میں غیر معمولی بہتری آئی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عالمی امن کیلئے مخلصانہ کاوشیں قابل تحسین ہے۔ پاک امریکہ تعلقات میں شفافیت۔باہمی اعتماد اور تعاون کا عنصر نمایاں ہے۔ بہترین موقع ہے کہ باہمی تعلقات کو ہر شعبے میں فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ سے مشترکہ لائحہ عمل بنانے میں مدد ملے گی۔امریکہ کی جانب سے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیمیں قرار دینا احسن اقدام ہے۔دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک امریکہ تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ گریگوری لوگرفو نے کہا کہ پاکستان جیو سٹریٹجک اعتبار سے انتہائی اہم ملک ہے۔امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو نے دہشت گرد حملوں میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔