کرکٹ کی دنیا میں آئے روز نت نئے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں لیکن آج ہم آپ کو جس رن آؤٹ کی ویڈیو دکھا رہے ہیں ایسا دلچسپ رن آؤٹ آپ نے شاید ہی پہلے دیکھا ہو۔
آئی سی سی پینل میں شامل نامور امپائر رچرڈ کیٹل بورو کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک رن آؤٹ کی دلچسپ ویڈیو شیئر کی گئی ہے جو بہت تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور ویڈیو کو اب تک ہزاروں لوگ دیکھ چکے ہیں۔
رچرڈ کیٹل بورو نے ویڈیو کے ساتھ ہنسی والا ایموجی شیئر کیا اور کیپشن بھی لکھا کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے، آپ اگلے 100 سال تک کرکٹ میں ایسا رن آؤٹ دوبارہ نہیں دیکھ سکیں گے، اس ویڈیو کو لازمی دیکھیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی بولر گیند کرواتا ہے تو بیٹر گیند کو ہلکے ہاتھ کے ساتھ کور کی جانب روکتا ہے اور رن بنانے کے لیے دوڑ پڑتا ہے، نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑا کھلاڑی رن مکمل کر لیتا ہے جبکہ کور پر کھڑا فیلڈر تیزی سے دوڑتا ہوا آتا ہے اور گیند کو وکٹ کیپر کی جانب پھینکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وکٹ کیپر چھلانگ لگا کر گیند کو پکڑنے کی کوشش کرتا ہے تاہم گیند اس کے گلوز سے لگ کر نان اسٹرائیکر اینڈ کی جانب رینگنے لگتی ہے، اسی اثنا میں اس نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑا بیٹر دوسرا رن بنانے کے لیے دوڑ پڑتا ہے اور گیند کو اپنی ٹانگوں کے درمیان سے وکٹوں کی جانب یہ سمجھ کر جانے دیتا ہے کہ گیند وکٹوں پر لگے بغیر آگے چلی جائے گی لیکن گیند سیدھی اسٹمپس پر جا لگتی ہے اور مخالف ٹیم کے کھلاڑی خوش ہو جاتے ہیں جبکہ امپائر بھی فوری اپنی انگلی اٹھا کر بیٹر کو آؤٹ قرار دے دیتا ہے۔