اسرائیل کی جانب سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حملے اور اس کے بعد مقام کی ویڈیو سامنے آگئی۔
دوحہ میں کتارا کے علاقے میں کئی دھماکے سنے گئے جس کے بعد فضا میں دھوں اڑتا دکھائی دیا۔
اسرائیل کی جانب سے قطر پر فضائی حملے مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سینیئر ترین رہنما خلیل الحیہ کی شہادت کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے دوحہ میں حماس کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنایا۔
تاہم حماس نے کہا ہے کہ اجلاس میں موجود حماس کے رہنما اسرائیلی حملے میں محفوظ رہے۔
حماس ذرائع کے مطابق فضائی حملے کے وقت حماس کے متعدد رہنماؤں کا اجلاس جاری تھا اور اجلاس میں حماس رہنما غزہ جنگ بندی کے حوالے سے امریکی صدر کی تجویز پر غور کر رہے تھے۔
سوشل میڈیا پر قطر کی عمارت پر اسرائیلی حملے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں دھماکے کے فوراً بعدلوگوں کو سڑک پر بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔حملے کے بعد عمارت سے دھواں بھی اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔
قطر نے اسرائیل کی جانب سے دارالحکومت دوحہ میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ مجرمانہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور قطری شہریوں اور قطر میں رہنے والے باشندوں کی سلامتی و تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے اور خطے کے امن میں جاری خلل کو برداشت نہیں کرے گا، نہ ہی اپنی سلامتی اور خودمختاری کو نشانہ بنانے والے کسی اقدام کو قبول کرے گا۔