معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سلیم بلوچ کا کہنا ہے کہ کراچی کی ندیوں میں کیرتھررینج سے ریلا آ رہا ہے، شہری آبادیاں محفوظ ہیں، ندیوں میں تجاوزات والی جگہوں پر مسئلہ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سلیم بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایم نائن پر آنے والا پانی تھڈو ڈیم کا نہیں بلکہ لٹھ ندی کا پانی ایم نائن پر آیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ کراچی کی ندیوں میں کیرتھررینج سے ریلا آرہا ہے، سندھ میں تمام ڈیم بھرنےکے بعد پانی ملیر ندی سے سمندر میں جا رہاہے۔
سلیم بلوچ کے مطابق کراچی میں شہری آبادی محفوظ ہیں، ندیوں میں جہاں تجاوزات بنائی گئیں وہاں مسئلہ ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں بارش، تھڈو ڈیم بھرنے اور لٹھ ندی میں طغیانی کے بعد ملیر اور لیاری ندیاں بپھر گئیں جس کے پیش نظر پانی اطراف کی آبادیوں میں داخل ہوگیا ہے۔
تھڈو ڈیم بھرنے کے بعد اسپل وے سے آنے والے پانی نے ندی کی سطح اور بہاؤ میں مزید اضافہ کردیا جس کے بعد تھڈو ڈیم کا سیلابی پانی اسکیم 33 کے رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا، جمالی پل کے قریب ایم 9 بھی سیلابی پانی سےبھر گیا۔
اس حوالے سے ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ایم 9 کی بیچ کی دیوار توڑ کر پانی کو راستہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔