انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پرو ہاکی لیگ سیزن 2025-26 کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس میں پاکستان سمیت دنیا کی نو بہترین ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ ایونٹ میں پاکستان، بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، ارجنٹینا، نیدرلینڈ، اسپین، جرمنی اور بیلجیئم شامل ہیں۔
شیڈول کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں سے دو، دو بار مدمقابل ہوگی۔ سب سے زیادہ توجہ کا مرکز پاک بھارت مقابلے ہوں گے جو 23 اور 26 جون کو لندن کے لی ویلی ہاکی سینٹر میں کھیلے جائیں گے پاکستان کے نیدرلینڈ کے خلاف میچز 10 اور 13 دسمبر کو ارجنٹینا میں شیڈول ہیں جبکہ میزبان ارجنٹینا سے قومی ٹیم کا مقابلہ 12 اور 15 دسمبر کو ہوگا۔آسٹریلیا کے تسمانیہ ہاکی سینٹر ہوبارٹ میں پاکستان 10 اور 13 فروری کو میزبان آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ جرمنی کے ساتھ مقابلے 11 اور 14 فروری کو آسٹریلیا میں ہوں گے۔بیلجیئم اور پاکستان کے درمیان میچز 13 اور 19 جون کو ہوں گے جبکہ اسپین کے خلاف مقابلے 14 اور 20 جون کو بیلجیئم میں شیڈول ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف پاکستان کے میچز 24 اور 27 جون کو لندن میں ہوں گے۔پرو ہاکی لیگ کے اس نئے سیزن میں شائقین کو زبردست مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، بالخصوص پاک بھارت ٹاکرے عالمی ہاکی کے سب سے بڑے ایونٹ کی حیثیت اختیار کریں گے۔