عدالت عالیہ بلوچستان نے صوبے میں گیس لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف سخت نوٹس لیتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) کو فوری طور پر اوور بلنگ سے روکنے کا حکم دے دیا ہے۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ایڈوکیٹ سید نذیر اغا کی آئینی درخواست پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ صارف کو 12 لاکھ روپے کا بل بھیجنا اوور بلنگ ہے، جبکہ آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت صوبے کے عوام کو گیس پر پہلا حق حاصل ہے۔ عدالت نے کہا کہ ایس ایس جی سی ایل کا رویہ آئین کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔عدالت عالیہ بلوچستان نے ایس ایس جی سی ایل کو تمام اوور بلنگ کیسز کی جانچ پڑتال کا حکم دیا اور جنرل مینیجر ایس ایس جی سی ایل کو ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کرلیا۔ عدالت نے چیف سیکرٹری بلوچستان اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری کو صوبے میں گیس کے مسائل پر وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی۔بینچ نے خبردار کیا کہ اگر جواب نہ ملا تو وزیر اعلیٰ بلوچستان کو عدالت میں طلب کیا جائے گا۔ کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے بعد ہوگی۔