وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بہاولپور کا دورہ سیلاب متاثرین سے ملاقات، متاثرہ علاقوں کا دورہ، بچوں اور خواتین سے گھل مل گئیں
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بہاولپور پہنچیں جہاں انہوں نے احمد پور شرقیہ کے علاقے اُچ شریف اور نواحی گاؤں بھلہ جھلان میں حفاظتی بند کا معائنہ کیا اور دریائے ستلج میں طغیانی سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا۔
متاثرہ خاندانوں سے ملاقات
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے شخص کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایک خاتون سسکیاں لے کر رو پڑیں تو وزیراعلیٰ نے انہیں گلے لگا کر دلاسہ دیا۔
فلڈ ریلیف ٹینٹ سٹی کا دورہ
وزیراعلیٰ پنجاب فلڈ ریلیف ٹینٹ سٹی بھی پہنچیں، جہاں انہوں نے متاثرہ خواتین کے ساتھ وقت گزارا، ایک ننھی بچی کو گود میں اٹھایا اور متاثرہ بچوں سے گھل مل گئیں۔ وزیراعلیٰ نے خواتین اور بچوں کو تحائف بھی دیے اور ریسکیو آپریشن سمیت دستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔
سرکاری بریفنگ
ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیلاب سے 124 مواضعات متاثر ہوئے، 1 لاکھ 17 ہزار سے زائد افراد کا محفوظ انخلا کیا گیا۔ 26 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے جہاں 7 ہزار 849 متاثرین مقیم ہیں۔
طبی سہولتیں اور مویشیوں کی دیکھ بھال
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ متاثرین کے علاج کے لیے 26 کلینک آن ویل، موبائل ہیلتھ یونٹس اور 2 کلینک آن بوٹ مصروف عمل ہیں، جن کے ذریعے 54 ہزار سے زائد افراد کو طبی سہولت فراہم کی گئی۔
اس کے ساتھ ساتھ 68 ہزار سے زائد مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے جبکہ 1 لاکھ 13 ہزار سے زائد مویشیوں کی ویکسی نیشن مکمل ہوئی۔ مویشیوں کے لیے 7 ہزار 765 من چارہ، 48 ہزار کلو توڑی اور 10 کلو ونڈے کے 6 ہزار 260 بیگ فراہم کیے گئے