استحکامِ پاکستان پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے پاک سعودیہ دفاعی معاہدے پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔قرارداد میں وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول دینا اور اعلیٰ سطحی استقبال قابلِ ستائش ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی عسکری و سفارتی خدمات لائقِ تحسین ہیں، ان کی سربراہی میں فوج نے آپریشن بنیان المرصوص میں بھرپور کامیابی حاصل کی۔متن کے مطابق اس معاہدے کے نتیجے میں پوری دنیا کو افواجِ پاکستان کی اہمیت اور طاقت کا بخوبی اندازہ ہو گیا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والا یہ معاہدہ دوررس نتائج کا حامل قرار دیا گیا ہے۔قرارداد میں کہا گیا کہ باہمی دفاعی معاہدے کے تحت ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور ہو گا، جب کہ مشترکہ دفاعی حکمتِ عملی باہمی مشاورت سے تشکیل دی جائے گی۔ معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔ایوان نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل، افواجِ پاکستان اور عوامِ پاکستان کو مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور سعودی عرب دونوں ممالک کا حامی و ناصر ہو۔