حکومت بلوچستان نے فورسز کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے صوبے کے دو اہم تعلیمی اداروں کے نام شہداء کے ناموں سے منسوب کر دیے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان ریزیڈنشل کالج لورالائی کو شہید کیپٹن وقار کاکڑ کے نام سے منسوب کرتے ہوئے اس کا نیا نام “کیپٹن وقار کاکڑ شہید بلوچستان ریزیڈنشل کالج” رکھا گیا ہے۔ اسی طرح گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کان مہترزئی کا نام تبدیل کر کے “شہید کانسٹیبل الطاف الرحمان ہائی اسکول” رکھ دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت ہے بلکہ نئی نسل کو ان کے مشن سے روشناس کرانے کی عملی کوشش بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء قوم کے ہیرو ہیں، ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ ہائر ایجوکیشن اور محکمہ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے ان تعلیمی اداروں کے ناموں کی تبدیلی کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے گئے ہیں۔