محکمہ پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ کا بڑا اقدام صوبہ بھر کے گوداموں میں گندم ذخائر کی پہلی بار فزیکل ویری فکیشن اور جیو ٹیگنگ کا آغاز
محکمہ پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں گندم ذخائر کی شفاف مانیٹرنگ کے لیے بڑا اقدام اٹھایا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار پنجاب بھر کے گوداموں میں موجود گندم کے ذخائر کی فزیکل ویری فکیشن اور جیو ٹیگنگ شروع کر دی گئی ہے۔
سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر کرن خورشید کی ہدایت پر اس مقصد کے لیے ایک 4 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی سیکرٹری ڈویلپمنٹ اینڈ بجٹ شزہ رحمان کریں گی۔
کمیٹی کا دائرہ کار
ترجمان محکمہ پرائس کنٹرول کے مطابق یہ مانیٹرنگ کمیٹی پنجاب کے تمام اضلاع میں پیرا فورس اور فوڈ ڈائریکٹوریٹ کے اشتراک سے گندم ذخائر کا ڈیٹا اکٹھا کرے گی۔ اس عمل کے ذریعے نہ صرف گوداموں میں موجود گندم کی اصل صورتحال واضح ہو گی بلکہ ذخیرہ اندوزی، قلت یا کسی بھی بے ضابطگی کی نشاندہی بھی بروقت ممکن ہو سکے گی۔
مانیٹرنگ ونگ کا آغاز
ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ میں ایک مانیٹرنگ ونگ قائم کیا جا چکا ہے، جس نے باضابطہ طور پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ ونگ تمام اضلاع میں جاری اقدامات کی نگرانی کرے گا اور حکومت کو گندم کے ذخائر اور تقسیم سے متعلق باقاعدہ رپورٹ فراہم کرے گا۔
مقصد اور اہمیت
محکمہ پرائس کنٹرول کے مطابق اس اقدام کا مقصد صوبے میں خوراک کے تحفظ اور گندم کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ جیو ٹیگنگ اور فزیکل ویری فکیشن کے ذریعے شفافیت کو فروغ ملے گا اور مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے گا۔