9500 ہائی پاور ٹریکٹرز کے لیے قرعہ اندازی، کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سی ایم پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام فیز ٹو کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اس موقع پر 9500 ہائی پاور ٹریکٹرز کے لیے قرعہ اندازی کی گئی۔
قرعہ اندازی میں پہلا ٹریکٹر تحصیل اٹک کے راجہ رفعت عباس، دوسرا نزت پروین اور تیسرا میاں نصیر کے نام نکلا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دی اور قصور کے ایک کامیاب کاشتکار محمد عاشق کو ذاتی طور پر ٹیلی فون کیا۔ گفتگو کے دوران انہوں نے کہا:
“کیہہ حال اے؟ تسی ٹریکٹر واسطے اپلائی کیتا سی، تہاڈا ناں نکل آیا اے۔ تہانوں مبارک باد واسطے فون کیتا اے۔”
پروگرام کی تفصیلات
سیکرٹری زراعت نے وزیراعلیٰ کو فیز ٹو کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا:
• 7 ایکڑ یا اس سے زیادہ اراضی کے مالکان 75 سے 125 ہارس پاور تک کے ٹریکٹر حاصل کر سکیں گے۔
• ہائی پاور ٹریکٹرز کے لیے حکومت پنجاب 10 لاکھ روپے سبسڈی فراہم کرے گی۔
• فیز ٹو کے تحت مجموعی طور پر 20 ہزار ٹریکٹرز پر سبسڈی دی جائے گی، جن میں سے:
• 9500 ہائی پاور ٹریکٹرز،
• 10 ہزار میڈیم پاور ٹریکٹرز شامل ہیں۔
• میڈیم پاور ٹریکٹرز (50 سے 65 ہارس پاور) پر کاشتکاروں کو 5 لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔
زبردست عوامی پذیرائی
گرین ٹریکٹر سکیم فیز ٹو کے لیے 7 لاکھ 34 ہزار کاشتکاروں نے درخواست دی، جن میں سے 2 لاکھ 82 ہزار فارمرز قرعہ اندازی کے اہل قرار پائے جبکہ 9500 کاشتکار خوش نصیب قرار پائے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ 98 فیصد کاشتکاروں نے پاکستانی ساختہ ٹریکٹرز کو ترجیح دی جبکہ صرف 2 فیصد نے بڑے اور جدید امپورٹڈ ٹریکٹرز کے لیے اپلائی کیا۔ امپورٹڈ ٹریکٹرز کی ڈیمانڈ کے بعد غیر ملکی ڈیلر کمپنیوں نے پنجاب میں اپنے بزنس آفس قائم کرنا شروع کر دیے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا عزم
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یہ پروگرام پنجاب کے کاشتکاروں کو مضبوط بنانے اور زرعی پیداوار میں اضافے کا ذریعہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسان خوشحال ہوں گے تو پنجاب اور پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی۔