شیخوپورہ قلعہ اور ہرن مینار کی بحالی، حکومت پنجاب کا تین سالہ جامع منصوبہ
سیکرٹری ٹورزم، آرکیالوجی اینڈ میوزیمز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے آج شیخوپورہ قلعہ اور ہرن مینار کا دورہ کیا، جہاں انہیں قلعہ کے تحفظ و بحالی کے تین سالہ جامع منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آثار قدیمہ ظہیر عباس ملک اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے میں فوری اور طویل المدتی اقدامات شامل ہیں تاکہ نہ صرف قلعہ اور ہرن مینار کی تاریخی حیثیت کو اصل حالت میں بحال کیا جا سکے بلکہ وزیٹرز کو جدید اور معیاری سہولیات بھی فراہم کی جا سکیں۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اس منصوبے کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کا عکاس قرار دیا جنہوں نے ثقافتی ورثے کے تحفظ کو سیاحت کے فروغ اور پنجاب کے تاریخی فخر سے جوڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایات کی روشنی میں عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آثار قدیمہ ظہیر عباس ملک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فوری اقدامات میں ہرن مینار کی تاریخی سرنگ کی صفائی اور روشنائی، قلعہ کے مرکزی دروازے اور راستوں کی بحالی، شام کے اوقات میں دیواروں پر لائٹنگ اور وزیٹرز کے لیے گائیڈڈ ٹورز شامل ہیں۔ طویل المدتی منصوبوں میں رانی بیگم محل کا تحفظ، کمزور عمارتوں کو مضبوط بنانا اور سیاح دوست سہولیات جیسے کرافٹ بازار اور ریسٹورنٹ قائم کرنا شامل ہیں تاکہ ثقافتی سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔
سیکرٹری ٹورزم ڈاکٹر احسان بھٹہ نے محکمہ آثار قدیمہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے شیخوپورہ قلعہ اور ہرن مینار کی بحالی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کرے گا۔