وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کے لیے چارے کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کے لیے چارے کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائلج، ونڈا اور دیگر چارے کی رسد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب زدہ علاقوں میں چارے کی مہنگائی کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر لائیو اسٹاک عاشق حسین کرمانی نے وزیراعلیٰ کو لائیوسٹاک ریسکیو آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں سیلاب سے 47 لاکھ مویشی متاثر ہوئے، جن میں سے 22 لاکھ مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ اسی طرح 5 لاکھ مویشیوں کا علاج جبکہ 20 لاکھ مویشیوں کی ویکسی نیشن کی گئی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سیلاب کے دوران 824 مویشیوں کی گمشدگی کی رپورٹس بھی موصول ہوئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کی دیکھ بھال اور چارے کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ کسانوں اور دیہی معیشت کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔