وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کی زیر نگرانی سیلاب متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور شگاف پر کرنے کا عمل ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے۔ علی پور سمیت مختلف مقامات پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی ٹیمیں بھاری مشینری کی مدد سے دن رات سڑکوں کی بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔
علی پور میں عارضی پل بنا کر عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ خیرپور سادات کے علاقے میں متاثرہ سڑکوں کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے۔ اسی طرح بستی دیسی کے قریب، کل کنول روڈ بستی عظیم شاہ اور ماڑی روڈ عظمت پور پر پڑنے والے شگاف بھرنے کے کام میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ خیرپور سلطان پور روڈ پر بھی سیلاب سے پڑنے والا شگاف پر کر کے سڑک کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وزیر مواصلات صہیب بھرت اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بحالی سے عوام کو آمدورفت میں سہولت میسر آئے گی اور ریلیف سرگرمیوں میں بھی تیزی آئے گی۔