پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے بڑے مقابلے سے قبل قومی ٹیم کی حتمی میٹنگ دبئی کے مقامی ہوٹل میں مکمل ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ میں ٹیم کی حکمتِ عملی، فائنل پلئینگ الیون اور مختلف پہلوؤں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی پلئینگ الیون فائنل کرلی گئی ہے اور آج مزید ایک تبدیلی متوقع ہے۔ خوشدل شاہ کی جگہ آل راؤنڈر فہیم اشرف کو شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ حسن نواز کی جگہ حسین طلعت کی شمولیت کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ اور کپتان نے فہیم اشرف کی شمولیت پر اتفاق کیا ہے تاکہ بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں ٹیم کو متوازن بنایا جا سکے۔
میٹنگ کے دوران کوچنگ اسٹاف نے ٹاس کی اہمیت پر بھی بات کی اور کپتان کو ہدایت دی گئی کہ اگر ٹاس جیتا جائے تو پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جائے۔ ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کو ہدایت دی کہ ابتدائی چھ اوورز میں وکٹیں بچا کر محتاط انداز میں بیٹنگ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پلاننگ کے تحت کھیلنے سے ہی جیت ممکن ہے، ہر بیٹر اپنی ذمہ داری لے کر کھیلے۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کے میچ میں کسی کا چہرہ مایوسی ظاہر نہ کرے، سب کھلاڑی جان لگا کر کھیلیں۔ کپتان نے باؤلرز کو ہدایت دی کہ اگر پہلے باؤلنگ ملے تو آغاز ہی سے اٹیک کریں اور جلد وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کریں۔
مزید یہ بھی کہا گیا کہ میدان میں کھلاڑی ایک دوسرے کو جوش و جذبے کے ساتھ سپورٹ کریں تاکہ حریف ٹیم پر دباؤ ڈالا جا سکے۔ ٹیم مینجمنٹ کو یقین ہے کہ اگر طے شدہ حکمت عملی پر عمل کیا گیا تو بڑا میچ پاکستان کے نام ہوگا۔