پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (PLRA) نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی سہولت متعارف کراتے ہوئے لینڈ ریکارڈز اور جائیداد کی منتقلی سے متعلق جدید خدمات کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
ابتدائی آغاز لندن سے
ترجمان کے مطابق ان خدمات کی فراہمی کا آغاز سب سے پہلے لندن سے کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ مرحلوں میں یہ سہولیات سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، اسپین، امریکہ اور اٹلی میں مقیم پاکستانیوں تک بھی پہنچا دی جائیں گی۔
دستیاب سہولیات
بیرون ملک مقیم پاکستانی درج ذیل خدمات سے مستفید ہو سکیں گے:
• اراضی کی فرد برائے ریکارڈ
• فرد برائے لین دین / فروخت
• منظور شدہ انتقال کی نقل
• ای رجسٹری
• رجسٹری برائے خریدار
• رجسٹری فروخت کنندہ
پاور آف اٹارنی کی ضرورت ختم
ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی اکرام الحق نے کہا کہ یہ نظام سادہ اور شفاف بنایا گیا ہے جس سے پاور آف اٹارنی کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ فیس کی ادائیگی کے بعد الیکٹرانک رجسٹری کا ٹاسک سب رجسٹرار کے ذریعے وزارت خارجہ کے نامزد افسر کو بھجوایا جائے گا، اور تمام کوائف کی جانچ پڑتال و بائیومیٹرک تصدیق براہ راست نادرا کے ذریعے کی جائے گی۔
دھوکہ دہی اور وقت کے ضیاع کا خاتمہ
اکرام الحق کے مطابق اس سہولت کے آغاز سے نہ صرف سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو بار بار سفر کی زحمت سے نجات ملے گی بلکہ دھوکہ دہی، وقت کے ضیاع اور مالی نقصان کے خطرات میں بھی واضح کمی آئے گی۔