قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کو بالآخر برطانیہ کے لیے مسافر بردار اور کارگو پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی۔ برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے پی آئی اے کو تھرڈ کنٹری آپریٹر (TCO) کی منظوری جاری کر دی ہے، جس کے ساتھ ہی برطانوی فضائی آپریشن کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئر لائن آئندہ ماہ سے براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔ پہلے مرحلے میں مانچسٹر کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی، جبکہ بعد ازاں برمنگھم اور لندن کو بھی نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔
5 سال کے لیے سرٹیفکیٹ جاری
اس حوالے سے گزشتہ روز برطانوی حکام نے باضابطہ طور پر پی آئی اے کو آگاہ کیا اور قومی ایئر لائن کو پانچ سال کے لیے آپریشنل سرٹیفکیٹ جاری کیا۔ اس منظوری کے بعد پی آئی اے نہ صرف مسافروں کو براہ راست برطانیہ لے جا سکے گی بلکہ کارگو آپریشنز بھی انجام دے سکے گی۔
تعاون کرنے والوں کا شکریہ
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے سی ای او نے وزیراعظم پاکستان، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، وزارت دفاع، سول ایوی ایشن اور دیگر متعلقہ اداروں کی معاونت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی ٹیم نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران متعدد آڈٹس کا سامنا کیا اور ثابت قدمی کے ساتھ کامیابی حاصل کی، جس کے نتیجے میں یہ بڑی کامیابی ممکن ہوئی۔
پس منظر
واضح رہے کہ یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (EASA) کی پابندی کے بعد 2020 سے پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے براہ راست پروازیں معطل تھیں، جس کے باعث ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ نئی منظوری کے بعد توقع ہے کہ مسافروں کو سہولت ملے گی اور پی آئی اے کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔