واشنگٹن ڈی سی آمد، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات متوقع
واشنگٹن ڈی سی:وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سرکاری دورے پر امریکہ پہنچ گئے ہیں۔ وہ پاکستانی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
اینڈریوز ایئر بیس پر پرتپاک استقبال
وزیراعظم کا طیارہ واشنگٹن کے اینڈریوز ایئر بیس پر پہنچا، جہاں امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ عہدیدار نے ریڈ کارپٹ پر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
وزیراعظم کے استقبال کے بعد ان کا موٹرکیڈ سخت سیکیورٹی حصار میں ایئر بیس سے روانہ ہوا۔
وائٹ ہاؤس میں ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف کچھ ہی دیر میں وائٹ ہاؤس پہنچیں گے جہاں ان کی ملاقات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوگی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی، تجارتی تعاون اور عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے ملاقات کے ایجنڈے میں معاشی تعاون کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع، انسداد دہشت گردی میں تعاون اور خطے میں امن و استحکام جیسے معاملات شامل ہیں۔
اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کی شمولیت
اس اہم ملاقات کے دوران پاکستانی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہوگا۔ وفد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دیگر اہم حکومتی اور عسکری عہدیدار شامل ہیں۔ اس ملاقات کو پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
توقعات
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ملاقات نہ صرف پاک-امریکہ تعلقات میں نئی سمت متعین کرے گی بلکہ خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں دوطرفہ شراکت داری کو بھی مزید تقویت فراہم کرے گی۔