لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر ماحولیاتی بہتری کے لئے قائم سموگ اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پنجاب کے لئے پہلا جامع سموگ مینجمنٹ پلان منظور کر لیا گیا۔
جدید نظام اور ٹیکنالوجی کا استعمال
• اجلاس نے پنجاب میں فضائی آلودگی کا معیار جانچنے والے جدید سسٹم کے نفاذ کی منظوری دی۔
• 12 ڈرون اسکواڈز اور 8 “ای اسکواڈز” نے سموگ کے خاتمے کے لیے کام شروع کر دیا۔
• پہلی بار “لائٹ کوڈز” ٹیکنالوجی کے ذریعے سموگ کی نشاندہی کا فیصلہ کیا گیا۔
• پنجاب میں لیکوڈ ٹری (مائع شجر کاری) منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔
کسانوں اور زرعی شعبے کے لیے اقدامات
• دھان کی کٹائی کے لیے جدید مشینری فراہم کرنے اور سپر سیڈرز کی تعداد 5 ہزار تک بڑھانے کا فیصلہ۔
• کسانوں کے لیے نیا ہارویسٹر پروگرام اور زرعی مشینری ایک علاقے سے دوسرے تک پہنچانے کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت۔
ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اور رپورٹس
• صوبے میں 38 ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹمز نے کام شروع کر دیا، تعداد بڑھا کر 41 کرنے کا فیصلہ۔
• شہریوں کے لیے ایئر کوالٹی رپورٹ ہر 8 گھنٹے بعد جاری کرنے کی ہدایت۔
• فضائی معیار جانچنے کے 5 موبائل سسٹمز بھی تیار کر لیے گئے۔
• ماحول میں زہریلی گیس جانچنے والی 25 جدید مشینیں اور ایندھن کے معیار کی لیبارٹریاں فراہم کر دی گئیں۔
دیگر اہم فیصلے
• 15 فوگ کینن محکمہ ماحولیات کے حوالے کر دیے گئے۔
• ماحولیاتی شکایات کے اندراج کے لیے فون نمبر 1737 کو ہیلپ لائن 15 سے منسلک کر دیا گیا۔
• ماحولیاتی اداروں کے فیصلوں کے خلاف آن لائن اپیل کی سہولت فراہم، اپیل کا فیصلہ 48 گھنٹوں میں ہوگا۔
• صوبے میں 9 “نو پلاسٹک زونز” بنانے اور ضبط شدہ پلاسٹک بیگز سے اسکولوں کے لیے رنگ دار کوڑے دان تیار کرنے کا فیصلہ۔
• 31 اکتوبر تک پنجاب کے تمام اسکولوں میں کوڑے دان نصب کرنے کی ہدایت۔
• گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں لینڈ فل سائٹس کے منصوبوں پر 5 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
• لاہور میں “لنگز آف لاہور” اور “لاہور رنگ” پراجیکٹس بروقت مکمل کرنے کی ہدایت۔
ٹرانسپورٹ اور قانون نافذ کرنے والے اقدامات
• ناقص انجن اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں سڑک پر نہ آنے کی ہدایت۔
• تین بار جرمانے کے باوجود انجن درست نہ کرنے پر گاڑی بند کرنے کا فیصلہ۔
شہریوں کے لیے پیغام
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ:
“ہر شہری سموگ سے بچاؤ اور ماحول کی بہتری میں حصہ لے، میڈیا عوامی آگاہی مہم میں بھرپور کردار ادا کرے۔”
اجلاس میں صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، سید عاشق حسین کرمانی اور ملک صہیب احمد بھرت نے بھی شرکت کی۔