لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں تعینات آئرلینڈ کی پہلی ریزیڈنٹ سفیر میری او نیل نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد پاکستان اور آئرلینڈ کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہے۔
پاک-آئرلینڈ تعلقات میں نئے امکانات
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، تجارتی مواقع، موسمیاتی تعاون، تعلیم، آئی ٹی اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارتی، تعلیمی اور ماحولیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آئرلینڈ کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے مکمل تعاون اور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں آئرلینڈ کے پہلے سفارتخانے کا قیام ایک تاریخی پیشرفت ہے جو پنجاب کے اداروں، بزنس کمیونٹی اور عوام کے ساتھ نئی شراکت داری کا ذریعہ ثابت ہوگا۔
معاشی و ماحولیاتی تعاون پر زور
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئرلینڈ اصول پسندی اور ترقی کی علامت ہے اور اس کے ساتھ تعاون پاکستان کے لیے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ خطہ ہے اور حالیہ تباہ کن سیلاب اس کی واضح مثال ہیں۔ پنجاب اور آئرلینڈ کے درمیان موسمیاتی ریزیلینس، پائیدار زراعت، رینیوایبل انرجی اور گرین ٹرانزیشن میں وسیع تعاون ممکن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ دوطرفہ تجارت 213 ملین ڈالر ہے جسے کئی گنا بڑھایا جا سکتا ہے۔ پنجاب آئرلینڈ کو زرعی ترقی، ڈیری فارمنگ، لائیو اسٹاک، آئی ٹی اور رینیوایبل انرجی کے شعبوں میں شاندار مواقع فراہم کر سکتا ہے۔
عوامی روابط اور کھیلوں کے ذریعے تعلقات
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور آئرلینڈ امن، کثیرالجہتی تعاون اور رول بیسڈ انٹرنیشنل آرڈر کے حامی ہیں۔ 2024 میں ڈبلن میں ٹی 20 سیریز اور 2025 میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے دورے نے عوامی روابط کو مزید گہرا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب آئرلینڈ کو صرف ایک سفارتی پارٹنر نہیں بلکہ ایک دوست کے طور پر دیکھتا ہے۔ پاک-آئرلینڈ تعلقات مستقبل میں سفارتکاری، تجارت، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط کے ذریعے مزید مضبوط ہوں گے۔
پاکستانی کمیونٹی کا کردار
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آئرلینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ہیلتھ سیکٹر سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کو بھی سراہا۔