راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 17 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ ان کا تعلق بھارتی سرپرستی میں چلنے والے نیٹ ورک سے تھا، جس کا مقصد پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہر قیمت پر امن قائم رکھا جائے گا۔