دبئی: کرکٹ کے سب سے بڑے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کل 28 ستمبر کو ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے تاریخی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں دونوں ٹیمیں فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی، جس نے شائقین کے جوش و خروش کو دوچند کر دیا ہے۔
بھارت کو ٹی ٹوئنٹی میں برتری
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے اعدادوشمار کے مطابق بھارت کو پاکستان پر نمایاں سبقت حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2007 سے اب تک 15 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں، جن میں سے 12 بار بھارت نے کامیابی حاصل کی، جبکہ صرف 3 بار پاکستان فاتح رہا۔ یو اے ای میں جاری اس ایونٹ میں بھی دونوں ٹیموں کا دو بار آمنا سامنا ہوا ہے اور دونوں بار بھارت ہی فاتح رہا۔ یہی وجہ ہے کہ کرکٹ ماہرین اس میچ میں بھارت کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔
فائنلز میں پاکستان کی سبقت
تاہم اعدادوشمار کا دوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ کثیر ملکی ایونٹس کے فائنلز میں پاکستان کو بھارت پر برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مختلف فارمیٹس کے 5 بڑے فائنلز کھیلے گئے ہیں، جن میں پاکستان نے 3 جبکہ بھارت نے 2 میں کامیابی حاصل کی۔
• 1985: ورلڈ چیمپئن شپ (آسٹریلیا) – بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔
• 1986: آسٹریلیشیا کپ (شارجہ) – جاوید میانداد کے تاریخی چھکے کی بدولت پاکستان نے ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔
• 1994: آسٹریلیشیا کپ (شارجہ) – پاکستان نے بھارت کو 39 رنز سے ہرایا۔
• 2007: پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل (جوہانسبرگ) – بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
• 2017: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل (لندن) – پاکستان نے بھارت کو 180 رنز کے بڑے فرق سے شکست دی۔
سہ ملکی سیریز میں بھی پاکستان کو برتری
ان 5 فائنلز کے علاوہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 3 سہ ملکی سیریز کے فائنلز بھی کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے 2 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میں بھارت فاتح رہا۔
کرکٹ شائقین کی نظریں دبئی پر
کرکٹ ماہرین کے مطابق بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ کی بنیاد پر فیورٹ کہا جا رہا ہے، تاہم فائنلز میں پاکستان کا ریکارڈ زیادہ مضبوط ہے، جو گرین شرٹس کو اعتماد دے رہا ہے۔ دبئی میں ہونے والا یہ معرکہ 2017 کے بعد پہلی بار کسی فائنل میں دونوں روایتی حریفوں کو آمنے سامنے لائے گا، جسے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین بے صبری سے دیکھنے کے منتظر ہیں۔