دبئی: پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کے فائنل سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی جانب سے اہم پیغامات موصول ہوئے ہیں۔
محسن نقوی کا کھلاڑیوں کو پیغام
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹیم کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف کھل کر کھیلیں اور کسی قسم کا دباؤ نہ لیں۔ انہوں نے واضح کیا:
“بھارتی ٹیم کا بھرپور مقابلہ کریں، جو چاہیں کریں، میں سب کچھ ہینڈل کر لوں گا۔”
ان کے اس بیان کو ٹیم کے حوصلے بلند کرنے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب روایتی حریف پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے آ رہے ہیں۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی ہمت افزائی
دوسری جانب قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھی کھلاڑیوں کے لیے خصوصی پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ:
“ایشیا کپ کے دوران اور اس سے پہلے ٹیم نے جو جذبہ دکھایا اس پر فخر ہے۔ ہم شاید بہت اچھا نہیں کھیلے لیکن یہ یقین دلاتا ہوں کہ ہم نے کبھی ہار نہیں مانی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل ہونے میں 41 سال لگے ہیں اور آج کا میچ کرکٹ کی تاریخ کا ایک یادگار مقابلہ ہوگا۔
41 سالہ تاریخ کا پہلا فائنل
یاد رہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان اور بھارت فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔ دبئی کے میدان پر ہونے والا یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور شائقین کرکٹ اسے ایک سنسنی خیز معرکہ قرار دے رہے ہیں