لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں ای گورننس کے فروغ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے کاروبار کے آغاز کے لیے این او سی کے حصول کو آسان بنانے کی غرض سے eBIZ پورٹل کا افتتاح کر دیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس کے دوران اس پورٹل کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آن لائن پورٹل کے آغاز سے کاروباری طبقے کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، تمام تصدیق اور منظوری کا عمل ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے مکمل ہوگا اور کسی بھی مرحلے پر فزیکل فائل یا کاغذی کارروائی کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ابتدائی طور پر اس پورٹل کے ذریعے 30 مختلف کاروباروں کے لیے این او سی کے حصول کے لیے آن لائن اپلائی کیا جا سکے گا۔
چیف سیکرٹری نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کو دسمبر تک ہدایت دی کہ سرکاری محکموں، ذیلی اداروں، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر سے فراہم کی جانے والی تمام سروسز کو ڈیجیٹل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ:
• پنجاب حکومت آئی ٹی کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لا رہی ہے۔
• محکموں کی کارکردگی اور سروس ڈلیوری بہتر بنانے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔
• ای فاس اور ای پروکیورمنٹ پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے۔
• پیپر لیس ورکنگ سے شفافیت اور جدت آئی ہے۔
اجلاس کے دوران چیئرمین پی آئی ٹی بی نے صوبے میں ای گورننس اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ:
• سرکاری ملازمین کی اے سی آرز، چھٹی اور ٹرانسفر آرڈرز کو ای فاس سے منسلک کیا گیا ہے۔
• عوام کو معلومات اور خدمات تک آسان رسائی کے لیے محکموں کی ویب سائٹس کو فعال بنانے پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، تمام محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنوبی پنجاب)، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔