شارجہ: انٹرنیشنل کرکٹ میں بڑا اپ سیٹ اس وقت دیکھنے میں آیا جب نیپال نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 90 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ یہ نیپال کی کسی فل ممبر ٹیم کے خلاف پہلی سیریز جیت بھی ہے۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔ نیپال کے آصف شیخ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 68 رنز بنائے، جبکہ سندیپ جورا نے 63 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 3 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین اور کائل میئرز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم صرف 83 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز جیسن ہولڈر نے 21 بنائے۔
نیپال کے باؤلرز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ محمد عادل عالم نے 24 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ خوشحال بھورتل نے 16 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
نیپال نے نہ صرف ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کی بلکہ تاریخ میں پہلی بار کسی آئی سی سی فل ممبر ٹیم کے خلاف سیریز جیتنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔