جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر محکمہ جنگلات جہلم ڈویژن نے غیر قانونی لکڑی کی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے لکڑی سے بھری گاڑی کو تحویل میں لے لیا۔
ترجمان محکمہ جنگلات کے مطابق خفیہ اطلاع پر فاریسٹ فیلڈ اسٹاف نے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی اور سفید رنگ کی مشکوک گاڑی کو روک کر چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران گاڑی سے غیر قانونی لکڑی برآمد ہوئی جسے فاریسٹ آفینس رولز کے تحت قبضے میں لے کر 3 ماہ کے لیے بند کر دیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ گاڑی اور ڈرائیور کو فوری طور پر تحویل میں لیا گیا جبکہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور لکڑی کی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
محکمہ جنگلات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جنگلات سے متعلق کسی بھی شکایت یا اطلاع کے لیے ہیلپ لائن 1084 پر رابطہ کریں۔