لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مزمل اسلم کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جس کو دیکھو وہ پنجاب پر انگلی اٹھانے آجاتا ہے، حالانکہ اپنے صوبوں کی حالت پر کسی کو نظر نہیں۔ دہشتگردی، کرپشن، لاقانونیت اور بیڈ گورننس روزانہ کے پی کے دروازے پر دستک دیتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ:
• بونیر، صوابی اور سوات میں سیلاب سے ہزاروں لوگ متاثر ہوئے، کیا کے پی حکومت نے سب کو امداد فراہم کردی؟
• آپ کے وزیراعلیٰ ہر مہینے وفاق کو فنڈز کے لئے خط لکھتے ہیں اور آپ شیخ چلی کی طرح شیخیاں بکھیر رہے ہیں۔
• کے پی کابینہ کے دو وزراء نے وزیراعلیٰ کی کرپشن کی کہانیاں بیان کرکے استعفے دیے ہیں۔
• مریم نواز سیلاب متاثرین کے نام پر قرض یا امداد نہیں مانگے گی۔
• جنہیں چندے اور امداد کھانے کی عادت ہو وہ دوسروں کو بھی یہی درس دیں گے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ صوبے کے 27 اضلاع میں سیلاب متاثرین کے سروے کے لئے 1857 ٹیمیں کام کررہی ہیں جو متاثرہ افراد، کسانوں، مکانات، فصلوں اور مویشیوں کا سروے کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیلاب سے 45 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، اتنے بڑے پیمانے پر سروے ایک مہینے میں مکمل ہوگا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود ہر متاثرہ فرد کے پاس جا کر ان کی مدد کریں گی۔ وہ ایک خودار لیڈر کی بیٹی ہیں اور کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائیں گی۔