لاہور: پنجاب میں پہلی بار اضلاع کی سطح پر فضائی آلودگی کی نگرانی کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر جدید موسمیاتی نگرانی کے نظام (Air Quality Monitoring System) نے اپنی پہلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
محکمہ تحفظِ ماحولیات کے مطابق پنجاب کے 18 اضلاع میں فضائی معیار کا پہلا روزانہ ڈیٹا جمع کیا گیا، جس میں مختلف شہروں کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق:
• گوجرانوالہ میں AQI 104،
• شیخوپورہ میں 135،
• قصور میں 186،
• بہاولپور میں 126،
• مظفرگڑھ میں 119،
• جبکہ رحیم یار خان میں 137 ریکارڈ کیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ نظام پنجاب کے 17 اضلاع میں قائم 41 ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز کے ذریعے چلایا جا رہا ہے، جو تین شفٹوں میں 24 گھنٹے کام کریں گے۔
ہر آٹھ گھنٹے بعد تازہ ترین فضائی معیار کی رپورٹ جاری کی جائے گی تاکہ عوام اور متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نئے نظام کے آغاز اور پہلی ضلعی رپورٹ کے اجرا پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا:
“ان شاءاللہ پنجاب کو ایسا بنانا ہے کہ دنیا مثال دے۔ یہ نظام عوامی صحت، ماحولیات اور ترقی یافتہ طرزِ حکمرانی کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔”
وزیراعلیٰ نے محکمۂ تحفظِ ماحولیات اور تکنیکی ٹیم کو شاندار کارکردگی پر شاباش دی اور ہدایت کی کہ
“تمام اضلاع کی رپورٹس باقاعدگی سے عوام کے لیے جاری کی جائیں تاکہ شہری اپنے ماحول سے باخبر رہیں۔”
حکام کے مطابق جدید مشینری اور اسٹیشنز کے قیام سے پنجاب پہلا صوبہ بن گیا ہے جہاں ضلعی سطح پر ایئر کوالٹی انڈیکس کا باقاعدہ ڈیٹا نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے۔