لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت تین گھنٹے طویل ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں افسران کے لیے مقرر کردہ Key Performance Indicators (KPI’s) پر بریفنگ دی گئی، جن میں الیکٹروبس پراجیکٹ، فلڈ سروے، صفائی کے انتظامات اور عوامی سہولتوں سے متعلق اہداف شامل ہیں۔
الیکٹروبس پراجیکٹ اور شہری سہولتیں
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ اضلاع میں الیکٹروبس کی دیکھ بھال، مسافروں کے لیے سہولتوں اور سروس ڈسپلن کو کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کے KPI’s میں شامل کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ الیکٹروبس منصوبے کے ہر اسٹاپ پر مخصوص بس اسٹینڈ قائم کیے جائیں تاکہ عوام کو جدید اور آرام دہ سفری سہولت میسر ہو۔
فلڈ سروے اور شفاف ڈیٹا
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں شفاف اور تیز ترین فلڈ سروے کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز مہم کی مانیٹرنگ خود کریں۔
انہوں نے زور دیا کہ شفاف اور مستند ڈیٹا ہی متاثرین کی بحالی کے درست اقدامات میں مددگار ثابت ہو گا۔
زرعی اراضی پر گندم کی کاشت
وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں سرکاری زرعی زمینوں پر گندم کی کاشت کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے محکمہ زراعت کو بہترین معیار کا بیج فراہم کرنے کا حکم دیا۔
آوارہ کتوں کے واقعات پر برہمی
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے مختلف شہروں میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے تسلسل پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ
“شہریوں، بالخصوص بچوں کا آوارہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہونا قطعی ناقابلِ برداشت ہے۔ متعلقہ حکام فوری اقدامات کریں۔”
طلبہ کی حفاظت کے اقدامات
مریم نواز نے سرکاری اور نجی اسکولوں کے سامنے زیبرا کراسنگز بنانے اور رفتار کم کرنے والے بورڈز نصب کرنے کی ہدایت دی تاکہ طلبہ کی آمد و رفت محفوظ بنائی جا سکے۔
واٹر فلٹریشن پلانٹس اور ہسپتالوں کی مانیٹرنگ
وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں 5 ہزار سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مانیٹرنگ، دیکھ بھال اور مرمت یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے سرکاری ہسپتالوں کے اچانک دورے کرنے اور مفت ادویات کی فراہمی پر سخت نگرانی کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی سروسز کے بدلے ناجائز رقوم طلب کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
صفائی، ستھرا پنجاب اور روٹی نرخ نامہ
اجلاس میں روٹی کے سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ “ستھرا پنجاب کی ٹیمیں اچھا کام کر رہی ہیں، تاہم جہاں صفائی میں کوتاہی یا عملے کی کمی ہو، وہاں فوری ازالہ کیا جائے۔”
انہوں نے صفائی کے لیے نئے ورکرز کی بھرتی کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا کہ
“شہروں اور دیہات میں صفائی ستھرائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔”
کارکردگی پر شاباش اور ہدایت
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو شاباش دی، جبکہ غیر نمایاں افسران کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی