اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں تین گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر ایس سی او کانفرنس 2027 سے قبل نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں جناح کنونشن سینٹر کے ساتھ دوسرا بڑا کنونشن ہال تعمیر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت دی کہ نیا کنونشن ہال بین الاقوامی معیار اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعمیر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں متعدد بڑے کانفرنس اور میٹنگ رومز شامل کیے جائیں تاکہ پاکستان میں بڑی بین الاقوامی کانفرنسوں کے انعقاد کو فروغ ملے۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ منصوبے کے ڈیزائن کے لیے بہترین مقامی و بین الاقوامی آرکیٹکٹس کی خدمات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے کنونشن ہال کی تعمیر سے اسلام آباد کے انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی اور عالمی سطح پر ملک کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔
وزیر داخلہ نے اجلاس میں اسلام آباد ایکسپریس وے کی کمرشلائزیشن کا جامع پلان بھی طلب کر لیا۔
اجلاس میں دارالحکومت میں نئے پولیس تھانوں کی تعمیر پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ محسن نقوی نے چھ تھانوں کے تعمیراتی کام 45 دن میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مزید 10 تھانوں کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک کی تعمیر مقررہ مدت میں مکمل کر لی جائے گی، جبکہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کی تمام پائلز مکمل ہو چکی ہیں اور شاہین چوک کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ پاک سیکرٹریٹ کے آر بلاک کی عمارت کی بحالی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اسلام آباد کے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔