مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں ایک بڑی تبدیلی کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اب صارفین اپنے فون نمبروں کے بجائے یوزر نیم (Username) کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔
میٹا (Meta) کی ملکیت واٹس ایپ کی جانب سے اس یوزر نیم فیچر پر کافی عرصے سے کام کیا جا رہا ہے، تاہم یہ ابھی تک بیٹا (Beta) ورژن میں بھی عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں۔
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق کمپنی نے یوزر نیم ریزرویشن سسٹم (Username Reservation System) متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ اس نظام کے تحت صارفین اپنا پسندیدہ یوزر نیم پہلے سے ریزرو کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق واٹس ایپ کی نئی اپڈیٹ میں Settings کے اندر ایک نیا آپشن شامل کیا جا رہا ہے، جس سے صارفین اپنے یوزر نیم کو فیچر کی باضابطہ لانچ سے پہلے محفوظ یا رجسٹر کر سکیں گے۔
ابھی تک میٹا کی جانب سے اس فیچر کی باضابطہ تصدیق یا لانچ کی تاریخ نہیں بتائی گئی، تاہم ماہرین کے مطابق کمپنی جلد ہی اسے عام صارفین کے لیے جاری کر سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اس نئے فیچر کے تحت جب کوئی صارف اپنا یوزر نیم بنا لے گا تو واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کرنے کے لیے فون نمبر شیئر کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس سے صارفین کی پرائیویسی اور سیکیورٹی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
پرانے ورژنز کی تفصیلات کے مطابق، یوزر نیم فیچر آنے کے بعد صارفین کا فون نمبر دوسروں سے مخفی (Hidden) رہے گا، اور وہ صرف اپنے یوزر نیم کے ذریعے چیٹ کر سکیں گے۔
یہ فیچر متعارف ہونے کے بعد واٹس ایپ کے استعمال کا انداز مکمل طور پر بدل جائے گا۔ ہر صارف اپنے لیے ایک منفرد یوزر نیم رکھ سکے گا، جسے وہ دوستوں، خاندان یا رابطوں کے ساتھ شیئر کر کے چیٹنگ یا کالنگ کے لیے استعمال کرے گا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ صارفین کو اپنا یوزر نیم بعد میں تبدیل کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا، جس سے انہیں پروفائل پر زیادہ کنٹرول اور لچک مل سکے گی۔