لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے واضح کر دیا ہے کہ ان کا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے ریٹائرمنٹ واپس لینے یا دوبارہ قومی ٹیم میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ
“میری بورڈ سے ریٹائرمنٹ لینے کی کوئی بات نہیں ہوئی، میرا فیصلہ حتمی ہے، میرا کوئی ارادہ نہیں کہ دوبارہ پاکستان کے لیے کھیلوں۔”
انہوں نے کہا کہ اب نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہیے، یہی ان کا وقت ہے کہ وہ پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی دکھائیں۔
“ورلڈ کپ آنے والا ہے، یہی نوجوان اچھا کھیلیں، فائنل تک پہنچیں اور پاکستان کے لیے ورلڈ کپ جیتیں۔”
محمد عامر نے سرفراز احمد کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کرنے کے فیصلے کو مثبت قرار دیا۔
“سرفراز احمد صاف اور سچے آدمی ہیں، جو دل میں ہوتا ہے وہی زبان پر لاتے ہیں۔ ان کے آنے سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوگا۔”
انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کے بطور چیف سلیکٹر کردار سے پی سی بی کو فائدہ ہو سکتا ہے کیونکہ تمام کھلاڑی انہیں بڑے بھائی کی طرح عزت دیتے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر نے کرکٹ کے نظام میں سینئر کرکٹرز کو شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
“عمر گل، شعیب اختر اور سہیل تنویر جیسے کھلاڑیوں کو وائٹ بال کرکٹ کو بہتر بنانے کا موقع دینا چاہیے۔ انہوں نے بہت کرکٹ کھیلی ہے، اس لیے وہ سسٹم میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔”
عامر نے مزید کہا کہ
“یونس خان جیسے ایماندار اور دیانتدار شخص کو بھی کرکٹ سسٹم میں شامل کرنا چاہیے کیونکہ وہ سیدھے اور اصول پسند انسان ہیں۔”
محمد عامر نے واضح کیا کہ وہ کرکٹ سے الگ ضرور ہو چکے ہیں لیکن پاکستان کی کامیابی کے لیے ہمیشہ دعاگو رہیں گے۔