راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ جیل سے نہیں بلکہ باہر سے چلتا ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے مقدمات میں بھی شفاف اور اوپن ٹرائل کی اجازت دی جائے تاکہ انصاف ہوتا ہوا نظر آئے۔
’’عمران خان کے ٹرائل پر شکوک پیدا ہو رہے ہیں‘‘
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری درخواست ہے کہ عمران خان کے مقدمات میں بھی وہی طریقہ کار اپنایا جائے جو دیگر کیسز میں اپنایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق یہ اوپن ٹرائلز ہیں، لیکن بدقسمتی سے عمران خان کے مقدمات میں میڈیا، وکلا اور عوام کی رسائی محدود کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیز رفتاری سے ٹرائل چلانا شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے، اور جس انداز سے مقدمات نمٹائے جا رہے ہیں، اس سے آزاد عدلیہ پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور عوام کا اعتماد متاثر ہو رہا ہے۔
’’190 ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت تاخیر کا شکار‘‘
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت گزشتہ 8 ماہ سے تاخیر کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر پیشی پر عدالت سے اوپن ٹرائل کے متعلق سوال اٹھاتے ہیں، لیکن اب تک شفافیت کو یقینی نہیں بنایا گیا۔
’’عمران خان کی بہنوں کا کسی ایجنسی سے کوئی تعلق نہیں‘‘
بیرسٹر گوہر علی خان نے بعض میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کا کسی ایجنسی کے ساتھ رابطہ یا تعلق نہیں، اور اس حوالے سے پیدا ہونے والے تاثر غلط فہمی پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’بدقسمتی سے جیل کے اندر کی باتیں باہر آ جاتی ہیں اور پھر ان پر الزامات لگائے جاتے ہیں، عمران خان نے خود ہدایت کی ہے کہ اس طرح کی اندرونی باتوں پر مزید گفتگو نہ کی جائے۔‘‘
’’دہشتگردی کے خاتمے پر پی ٹی آئی کا واضح مؤقف‘‘
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی کا مؤقف واضح ہے کہ دہشتگردی کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر خیبرپختونخوا میں کوئی کوآرڈینیٹڈ آپریشن کیا جا رہا ہے تو اس میں دونوں طرف نقصان سے بچنے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔
’’علی امین گنڈا پور کو بانی کا اعتماد حاصل ہے‘‘
ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اس وقت تک وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا رہیں گے جب تک انہیں بانی عمران خان کا اعتماد حاصل ہے۔
’’عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ باہر سے چلتا ہوگا‘‘
چیئرمین پی ٹی آئی سے جب عمران خان کے ایکس (X) اکاؤنٹ کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا:
’’عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے نہیں، باہر سے چلتا ہوگا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق کسی پالیسی کا علم نہیں ہے۔