ممبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے روہت شرما کی جگہ شبمن گل کو ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
نوجوان بلےباز شبمن گل اس سے قبل ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کر رہے تھے اور اب وہ ون ڈے اسکواڈ کی قیادت بھی سنبھالیں گے۔
بی سی سی آئی کے مطابق روہت شرما اور ویرات کوہلی فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرنے کے بعد ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، تاہم وہ اب نوجوان کپتان شبمن گل کی قیادت میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
بھارتی ٹیم کے چیف سلیکٹر اجیت آگروکر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تینوں فارمیٹس کے لیے تین مختلف کپتان رکھنا عملی طور پر ممکن نہیں، اسی لیے ٹیم کی مستقبل کی حکمتِ عملی کے تحت کپتانی میں تبدیلی کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فی الحال ٹیم کی توجہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر مرکوز ہے، جبکہ ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھی طویل المدتی منصوبہ بندی جاری ہے تاکہ نئے کپتان کو زیادہ وقت دیا جا سکے۔
روہت شرما کو قیادت سے ہٹانے کے فیصلے کے حوالے سے اجیت آگروکر نے کہا کہ “روہت کی قیادت میں بھارت نے چیمپئنز ٹرافی جیتی، اس لیے یہ فیصلہ آسان نہیں تھا، لیکن ٹیم کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری تھا۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ روہت شرما شبمن گل کے ساتھ اوپننگ کرتے رہیں گے تاکہ ٹیم کمبی نیشن متاثر نہ ہو۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کو خدشہ تھا کہ اگر روہت شرما کپتانی جاری رکھتے تو ان کی فلسفہ پر مبنی قیادت ٹیم کلچر پر اثر انداز ہو سکتی تھی۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ روہت کی مضبوط شخصیت اور نظریات ڈریسنگ روم کے ماحول پر حاوی ہو سکتے تھے، جس سے ٹیم میں نئے خیالات کی گنجائش کم ہو جاتی۔