کنگسٹن: ویسٹ انڈیز کے سابق معروف آل راؤنڈر برنارڈ جولین 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان کی موت کی وجوہات کے بارے میں تاحال کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔
برنارڈ جولین 1975 کے ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کی فاتح ٹیم کے رکن تھے۔ وہ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز اور مدمقابل بلےباز کے طور پر جانے جاتے تھے۔
انہوں نے اپنے کیریئر میں 24 ٹیسٹ میچز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی، جن میں 866 رنز بنائے اور 50 وکٹیں حاصل کیں۔ اسی طرح 12 ون ڈے میچز میں انہوں نے 18 وکٹیں اپنے نام کیں۔
برنارڈ جولین کا کرکٹ کیریئر 1982 میں ختم ہوا جب وہ باغی ٹیم کا حصہ بنے جس نے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا۔ اس اقدام کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ان پر تاحیات پابندی عائد کر دی تھی۔
کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق برنارڈ جولین ویسٹ انڈیز کی کرکٹ تاریخ کے ان آل راؤنڈرز میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے 1970 کی دہائی میں ٹیم کی کامیابیوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔