کیلیفورنیا: فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے، دنیا بھر میں اس کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 3 ارب سے تجاوز کر گئی ہے۔
یہ اعلان میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے کیا، جنہوں نے بتایا کہ انسٹاگرام اب دنیا کے ان چند سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں شامل ہو گیا ہے جن کے صارفین کی تعداد اربوں میں ہے۔
ایپ کے سربراہ ایڈم موسیری کے مطابق انسٹاگرام اپنی ایپ میں نئے فیچرز اور ڈیزائن تبدیلیوں پر کام کر رہا ہے، جن کا مقصد صارفین کے تجربے کو بہتر بنانا اور پلیٹ فارم کو مزید جدید بنانا ہے۔
انسٹاگرام سے قبل فیس بک اور واٹس ایپ — جو کہ میٹا کی ہی ملکیت ہیں — پہلے ہی 3 ارب صارفین کے کلب میں شامل ہو چکی ہیں۔ انسٹاگرام نے یہ سنگِ میل فیس بک کے مقابلے میں تقریباً آٹھ ماہ بعد حاصل کیا ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سوشل میڈیا انڈسٹری میں سخت مقابلہ جاری ہے اور مختلف پلیٹ فارمز صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے نئے فیچرز اور ٹولز متعارف کروا رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق انسٹاگرام کی یہ کامیابی میٹا کی پالیسیوں اور حکمتِ عملی کی کامیابی کا مظہر ہے، جو ظاہر کرتی ہے کہ صارفین اب بھی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارمز میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔