راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ معرکۂ حق کے دوران بھارت پاکستان کا کوئی بھی طیارہ گرانے میں کامیاب نہیں ہوا۔
غیر ملکی جریدے بلومبرگ کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی ہمیشہ سے موثر، کارگر اور اندرونِ ملک تیار کردہ ٹیکنالوجی پر مبنی رہی ہے۔
ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں، دفاعی خود انحصاری پر فوکس
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان ہر طرح کی جدید ٹیکنالوجی — چاہے وہ مقامی طور پر تیار کردہ ہو یا مشرقی و مغربی ذرائع سے حاصل کردہ — کے حصول کے لیے تیار رہتا ہے، تاہم پاکستان بھارت کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ حقیقت پر مبنی مؤقف اختیار کیا ہے اور کبھی اعداد و شمار یا حقائق چھپانے کی کوشش نہیں کی۔
بلومبرگ کی رپورٹ: پاکستان کے J-10C طیاروں نے بھارتی فضائیہ کو نقصان پہنچایا
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، ایک ہفتہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی انکشاف کیا تھا کہ “معرکۂ حق” کے دوران پاکستانی فضائیہ نے 7 بھارتی طیارے مار گرائے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کے چینی ساختہ J-10C لڑاکا طیاروں نے رافیل سمیت بھارتی فضائیہ کے متعدد طیارے تباہ کیے۔
پاکستانی اور چینی دفاعی تعاون
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے انٹرویو میں پاکستانی اور چینی دفاعی پلیٹ فارمز کی اعلیٰ کارکردگی اور قابلِ اعتمادیت کی بھی توثیق کی۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان نے گزشتہ ماہ Z-10ME حملہ آور ہیلی کاپٹر کو اپنے ہتھیاروں کے ذخیرے میں شامل کیا ہے، جو زمینی آپریشنز میں اہم کردار ادا کرے گا۔
امریکی اور چینی ٹیکنالوجی کا امتزاج
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اس وقت چینی ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ امریکی ساختہ F-16 طیاروں کا بھی استعمال کر رہا ہے، جس سے ملکی دفاعی نظام مزید مضبوط اور متوازن ہو گیا ہے۔