اسلام آباد: پاکستان بھر میں آج رواں سال کے پہلے سُپر مون کا شاندار اور دلکش نظارہ کیا جا رہا ہے، جس نے آسمان کو اپنی خوبصورتی سے منور کر دیا۔
30 دن کے دوران یہ دوسرا فلکیاتی منظر ہے جو عوام کی توجہ کا مرکز بنا — اس سے قبل 8 ستمبر کو “بلڈ مون” کا نظارہ کیا گیا تھا، جب کہ آج کا منظر سال کا پہلا سُپر مون قرار دیا جا رہا ہے۔
چاند معمول سے 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن
ترجمان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق، آج نظر آنے والا سُپر مون معمول کے مکمل چاند کے مقابلے میں 6.6 فیصد زیادہ بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جب چاند اپنی بیضوی مدار (elliptical orbit) میں گھومتے ہوئے زمین کے قریب ترین فاصلے (perigee) پر ہوتا ہے تو وہ آسمان میں زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے، اسی مظہر کو سُپر مون کہا جاتا ہے۔
مزید دو سپر مون رواں سال متوقع
سپارکو کے مطابق، سال کا سب سے روشن سُپر مون 5 نومبر کو ہوگا، جب کہ تیسرا اور آخری سُپر مون 5 دسمبر کو دیکھا جا سکے گا۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق، ایسے نادر مظاہر نہ صرف ماحولیاتی و سائنسی لحاظ سے اہم ہوتے ہیں بلکہ عوامی دلچسپی کا بھی خاص مرکز بن جاتے ہیں۔